اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، چین نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور فوری طور پر فوجی کارروائی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ بیجنگ ہر اُس اقدام کی مذمت کرتا ہے جو غزہ میں شہریوں کو نقصان پہنچائے اور عالمی قوانین کو پامال کرے۔ ترجمان نے کہا ہم غزہ میں بڑھتی ہوئی تشویشناک صورتحال پر گہری فکر مندی کا اظہار کرتے ہیں اور اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے، مکمل اور پائیدار جنگ بندی قائم کرے اور انسانی بحران کو سنگین تر ہونے سے روکے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسرائیل نے امریکہ کی مکمل سیاسی و عسکری حمایت کے سائے میں غزہ پر بڑے پیمانے کا زمینی حملہ شروع کیا۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی نے شہر کے قلب تک تباہی پھیلا دی ہے، جس کے نتیجے میں خونریز قتل عام اور لاکھوں شہریوں کی جبری بے دخلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں غزہ شہر پر 150 سے زیادہ فضائی و زمینی حملے کیے گئے ہیں۔ یہ حملے صہیونی فوج کی پیش قدمی میں مدد کے لیے کیے گئے، جو ارابہ گدعون 2 نامی منصوبے کے تحت 162 اور 98 ویں ڈویژن کی قیادت میں غزہ کے مرکزی علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ